جٹ ہو یا بٹ قانون توڑنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی، فردوس عاشق

0
16

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جٹ ہو یا بٹ جو بھی قانون توڑے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نواز کو حالات کا اندازہ نہیں ہے۔ لاہورمیں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنایا گیا۔

انہوں نے مریم نواز کا نام لیے بغیر کہا کہ کورونا وبا کے دوران راجکماری لوگوں کی زندگی داؤ پر لگارہی ہیں۔ راجکماری کورونا پھیلا کراپنی شکست کا بدلہ لیناچاہتی ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے کرپٹ نظام کو ملیامٹ کرنے کاعزم کر رکھا ہے۔ راج کماری اور ان کی کنیزوں کو دربدر ہوکر بھی سکون نہیں آرہا۔ قوم دیکھ رہی ہے کہ ڈنڈوں سے بھرے ٹرک جاتی امرا پہنچائے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: حکومت پنجاب نے رات کی شادیوں پر کوئی پابندی نہیں لگائی،فردوس عاشق اعوان

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے مسلسل عمران خان کی ذات کو ٹارگٹ کیا ہوا ہے۔ محترمہ نے تصادم کا راستہ اختیار کرنے کی سازش تیار کی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ڈی جے بٹ کو ناجائز اسلحہ رکھنے پر گرفتار کیا گیا، اس پر کہا گیا کہ یہ بھی سازش ہے۔ یہ لاہور میں فساد اور انتشار پیداکرنا چاہتے ہیں۔ ہم  کسی کو بھی قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے امن کو کسی سیاسی ٹولے کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے۔ ان کا بیانیہ عوام سے نہیں اپنی ذات سے جڑا ہے۔ حکومت ان کو سیاسی شہید نہیں بننے دینا چاہتی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے جلسے کرنے کا ریکارڈ پی ٹی آئی کے پاس ہے۔ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں۔ حکومت اپنی ذمہ داری ادا کرے گی۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں بدترین ظلم کر رہی ہے۔ مظلوم کشمیری بھارتی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں۔ انسانی حقوق کےعالمی دن پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی جارحیت کا شکار کشمیریوں کی آواز بھی سنے۔ پاکستان میں اقلیتوں کوتمام حقوق حاصل ہیں۔

The post جٹ ہو یا بٹ قانون توڑنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی، فردوس عاشق appeared first on ہم نیوز.


Source: www.humnews.pk